پہاڑ قدرتی ماحول کا کلیدی حصہ ہیں، حیاتیاتی تنوع اور مقامی آبادیوں کے لئے ان کا تحفظ بہت اہم ہے، ملک امین اسلم

69

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پہاڑ قدرتی ماحول کا کلیدی حصہ ہیں، حیاتیاتی تنوع اور مقامی آبادیوں کے لئے ان کا تحفظ بہت اہم ہے، ہماری حکومت پروٹیکٹڈ ایریاز جیسے اقدامات کے ذریعے قدرتی ماحول کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ جمعہ کو پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے تین بلند ترین پہاڑی سلسلے موجود ہیں جو حیاتیاتی تنوع کے لئے نہایت اہم مسکن فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پہاڑوں کا ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے، گلیشیئرز پگھلنے اور نئی جھیلیں بننے جیسے عوامل سے اس کی واضح نشاندھی ہوتی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان پہاڑوں اور قدرتی مسکن کے تحفظ کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ اور صحت افزا ماحول میسر ہو سکے۔