35.5 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںپہلگام حملہ قابل مذمت ، واقعے کی ذمہ دار بھارتی سکیورٹی ناکامی...

پہلگام حملہ قابل مذمت ، واقعے کی ذمہ دار بھارتی سکیورٹی ناکامی ہے،سینیٹر شیری رحمان

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمان نے پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی ذمہ داری بھارت کی اپنی سکیورٹی ناکامی پر عائد ہوتی ہے۔ جمعے کو سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے پانچ منٹ میں پاکستان پر الزام تراشنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ آج ہم نے متحد ہو کر ایک متفقہ قرارداد پاس کی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف یک زبان ہے، ہم نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم جاری ہیں وہ مودی حکومت کی پالیسیوں اور بھارتی جمہوریت کی حقیقی تصویر ہے۔شیری رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے بجائے اپنے داخلی مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔شیری رحمان نے کشمیر کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے مستقل اور واضح موقف کو دہرایا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم ہندوستان کی نام نہاد جمہوریت کا شاخسانہ ہیں، اگر غزہ میں نسل کشی ہو رہی ہے تو کشمیر میں اس سے بھی زیادہ ظلم ہو رہا ہے۔

- Advertisement -

 

انہوں نے کہا کہ اس ایوان نے واٹر ٹیررازم پر جو موقف اپنایا ہے وہ بالکل درست ہے، بھارت نے گزشتہ سال سے سندھ طاس معاہدے کو غیر فعال بنانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے اور ایک سال سے پی آئی سی (پاکستان انڈس واٹر کمیشن) کو معطل کر دیا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ بھارت کو سوچنا ہو گا کہ ماحولیات کی جو یلغار اس خطے پر آ رہی ہے اس کے اثرات انہیں جلد نظر آنا شروع ہو جائیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ امن ہی مسئلے کا حل ہے مگر اگر وہ آگے بڑھیں گے تو کوئی پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی کوئی حکومت قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، اگر وہ ہماری مسلح افواج یا عوام کا امتحان لینا چاہتے ہیں تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر دکھائیں گے۔

انہوں نے کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی، جعفر ایکسپریس حملے اور پلوامہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کیا اور کہا کہ بھٹو شہید نے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا، ہم پرامن قوم ہیں مگر اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔شیری رحمان نے کہا کہ ایل او سی پر ایک دن نہیں گزرا اور بھارت نے پھر گڑبڑ کی مگر ہماری افواج چوکنا ہیں اور ہم ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587604

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں