اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما غلام علی تالپور نے پہلگام واقعہ اور اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کے بھارتی پراپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سفیروں نے بھارتی پروپیگنڈے کو بے بنیاد اور بغیر ثبوتوں کے الزام قرار دیا۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019ء میں بھی بھارت کی طرف سے ایسا ہی فالس فلیگ پلوامہ آپریشن کیا گیا۔ پاکستان میں عوام اپنے معمولات زندگی میں مصروف ہیں اور کہیں کوئی گھبراہٹ نہیں اور یہ زندہ قوم کی علامت ہے جو ہر قسم کے حالات کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج بھی جو اقدامات اٹھانے ہیں وہ اٹھانے میں مصروف ہیں اور کہیں کوئی گھبراہٹ نہیں۔ غلام علی تالپور نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کو بھرپور جواب دے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592940