27.1 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومقومی خبریںپہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، پاکستان کسی سے جنگ...

پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، پاکستان کسی سے جنگ یا حالات خراب نہیں کرنا چاہتا،اگر جنگ مسلط کی گئی تو اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری

- Advertisement -

لاہور۔26اپریل (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، پاکستان پرامن ملک ہیں کسی سے جنگ یا حالات خراب نہیں کرنا چاہتے،بھارتی پروازوں کی فضائی حدود کی بندش سے بھارت کو روزانہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے،ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو ناقابل تسخیر دفاع فراہم کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ڈی جی پی آ ر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عظمی بخاری نے کہا کہ مودی ایک عالمی دہشت گرد ہے، وہ جب اقتدار میں آتا ہے تو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں حالات خراب ہوتے ہیں،بھارتی سرکار کے خوف کا یہ عالم ہے کہ حکومت پاکستان کا ایکس اکائونٹ ہی بند کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی قیادت نے نہ صرف افسوس کا اظہار کیا بلکہ اس واقعے کی شدید مذمت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، حالانکہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ عظمی بخاری نے یاد دلایا کہ جب پاکستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوا تھا اور دہشت گردوں کے خلاف پاک افواج نے کامیاب کارروائی کر کے یرغمالیوں کو بازیاب کرایا تھا، تب بھارت نے نہ مذمت کی اور نہ ہی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تھاحالانکہ ہمارے پاس تو جعفر ایکسپریس کے ثبوت موجود ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ پہلگام واقعے میں بھارت نے ڈرامائی انداز اپنایا اور بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام لگا کر اپنی پرانی روش کو دہرایا۔

- Advertisement -

بھارتی فوج اور خفیہ ادارے الزام تراشی کی عادت سے مجبور ہیں اور اس مرتبہ بھی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا خوف اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ حکومت پاکستان کا ایکس اکائونٹ بند کروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجی جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہو کر وردی پہنتے ہیں جبکہ بھارتی افواج بھوک اور خوف کا شکار ہیں،پاکستانی قوم بھارتی دھمکیوں کا مذاق اڑا رہی ہے اور اگر ریاست نے جہاد کا اعلان کیا تو پوری قوم سپاہی بن کر میدان میں اترے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت نے جب پانچ ایٹمی دھماکے کیے تو پاکستان نے چھ دھماکے کر کے جواب دیا تھا۔عظمی بخاری نے کہا کہ بھارت نے واہگہ بارڈر بند کر کے خود ہی اپنی تجارت کو نقصان پہنچایا ہے اور اب پہلگام واقعہ کے بعد اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سابق افسران خود اعتراف کرتے ہیں کہ بھارت پاکستان سے لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، جنگیں ہتھیاروں سے نہیں جذبہ شہادت سے جیتی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے ، ہم ایک پرامن قوم ہیں اور کسی سے جنگ یا کشیدگی نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے لیے دو بڑی خوشخبریاں ہیں۔

پہلی یہ کہ ”ایئر پنجاب” کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے اور چار طیارے لیز پر لے کر اندرون ملک پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، اور ایک سال کے اندر ائیر لائن کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے لائسنس مل جائے گا جبکہ دوسری خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا آغاز لاہور سے راولپنڈی کے درمیان کیا جا رہا ہے، جو دو گھنٹے بیس منٹ میں فاصلہ طے کرے گی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں مزید بلٹ ٹرین روٹس بنائے جائیں گے اور راولپنڈی سے مری تک "گلاس ٹرین” چلائی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ چائے کا ٹھیلہ یا پکوڑے کی دکان نہیں جسے مودی اپنی مرضی سے بند کر سکے، پاکستان کا سی پیک منصوبہ دشمنوں کو ہمیشہ سے کھٹکتا رہا ہے اور مختلف دہشت گرد گروپوں کو سپورٹ کر کے اسے سبوتاژ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،صنم جاوید جیسے افراد پر وقت ضائع کرنے کے بجائے قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنا محاسبہ کریں اور سطحی بیانات سے گریز کریں۔

عظمی بخاری نے واضح کیا کہ پاکستان کی ایک انچ زمین پر قبضہ کرنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی اور نہ ہی بھارتی جارحیت کبھی ہماری سرحدوں کو عبور کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے شعبے میں بھی اب جدید خطوط پر بہتری لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ریلوے کی بحالی کے لیے محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، کوئی بھی اے، بی، سی، ڈی گروہ قوم کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588277

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں