اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):سینیٹر بلال احمد خان نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ مودی سرکار کا خود ساختہ ڈرامہ ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا اور پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے ہی شہریوں کو نشانہ بنایا اور بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا مودی کا سیاسی حربہ ہے جو انتخابات اور عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
سینیٹر بلال احمد خان نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی ضمانت یافتہ معاہدہ ہے جسے بھارت سبوتاژ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کسی ایک ملک کی مرضی سے ختم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی الزامات کا ہر سطح پر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ مودی کی جنگی خواہشات خطے کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں اور بھارتی میڈیا اس خطرناک کھیل میں مکمل طور پر شریک ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589787