اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ پہلگام واقعے کے بعد بے بنیاد الزامات اور جارحیت کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ مکمل تعاون اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے بعد بھی بھارت نے بات چیت کے بجائے محاذ آرائی کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ردعمل میں تحمل تھا اور جذباتی اقدامات کے بجائے فیصلہ سازی کی خصوصیت شامل تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کانقطہ نظر علاقائی استحکام اور ذمہ دار ریاست کے لیے اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی دفعات کو معطل کرنے کے ہندوستان کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں ایسی کوئی شق نہیں ہے جس کی معطلی کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معطلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، معاہدہ اس کی اجازت نہیں دیتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فضائیہ نے بے مثال کارکردگی کے ذریعے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بین الاقوامی میڈیا نے اس کی برتری اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں ہونے والے مذاکرات میں سندھ طاس معاہدہ، دہشت گردی اور تنازعہ کشمیر جیسے اہم مسائل شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عسکری اور سفارتی طور پر علاقائی تزویراتی منظر نامے میں تبدیلی آرہی ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ تبدیلی پاکستان کے حق میں ہوگی۔ "انشااللہ، پاکستان کا ایک بہتر مستقبل سامنے ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595855