اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران عوام کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹرینیں کراچی سے لاہور اور کراچی اور پشاور سے ملک بھر کے مختلف مقامات کیلئے چلیں گی ۔
پہلی خصوصی ٹرین 18 اپریل کو کراچی سے پشاور کینٹ کے لیے روانہ ہوگی ، دوسری ٹرین اسی دن کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔ 19 اپریل کو تیسری خصوصی ٹرین کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہوگی جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والوں کو آسان اور سستی آپشن فراہم ہوگی ۔ چوتھی ٹرین 26 اپریل کو راولپنڈی سے کوئٹہ اور پانچویںوآخری اسپیشل ٹرین 27 اپریل کو لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔