لاہور۔3اپریل (اے پی پی):مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پہلی رمضان سپورٹس سیریز 7اپریل سے شروع ہورہی ہے جو11اپریل تک جاری رہے گی اس میں 6کھیلوں کے مقابلے رات کو ہوں گے، ان کھیلوں میں ہاکی، فٹ بال، کرکٹ ٹیپ بال،کبڈی، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن شامل ہیں،پہلا رمضان سپورٹس سیریز میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوںکو85لاکھ50ہزار روپے کے انعامات دیئے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن و دیگر بھی موجود تھے،
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزیدکہا ہے کہ رمضان سپورٹس سیریز کے انعقاد کا مقصد نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے،گرائونڈ کھلاڑیوں سے آباد ہوں گے تو نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے مزید ایونٹس کرائیں گے،پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز میں پنجاب کے تما م ڈویژنز سے 768مردوخواتین کھلاڑی اور 135آفیشلز حصہ لیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ پہلا رمضان سپورٹس سیریز میں ہاکی ٹورنامنٹ8اے سائیڈ ہوگا،20،20 منٹ کے دو ہاف ہونگے،اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہوگیا تو اس کی جگہ دوسرا کھلاڑی نہیں آئے گا،
ہاکی ٹورنامنٹ کو پارک ویو ہائوسنگ سوسائٹی کے سربراہ علیم خان سپانسر کررہے ہیں،ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ندیم عمر خرید رہے ہیں،دیگر ٹیموں کی سپانسر شپ کے بات چیت جاری ہے،ہاکی کی فاتح ٹیم کو 25لاکھ اوررنر اپ ٹیم کو 15لاکھ روپے دیئے جائیں گے،ان کا مزید کہنا تھا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے، پنجاب کے نوجوانوں میں کبڈی بہت مقبول ہے، پہلے رمضان سپورٹس سیریز میں کبڈی کا بڑا ٹاکرا رکھا ہے جس میں پنجاب بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے، کبڈی کی فاتح ٹیم کو 10لاکھ اور رنر اپ کو 5لاکھ روپے کے نقد انعامات دیں گے،فٹ بال کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ روپے، رنر اپ کو 3لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 2لاکھ رو پےکرکٹ ٹیپ بال کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ اور رنر اپ 50ہزار اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 25ہزار روپے دینگے،
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کے ایونٹ میں ہر ڈویژن سے مردوخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے،فاتح ٹیم کو 2لاکھ اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے دینگے،کھلاڑیوں کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق ایونٹ سپانسرڈ ہوگا،پنجاب حکومت کا ایک پیسہ خرچ نہیں ہوگا،پہلی رمضان سپورٹس سیریز ایونٹ یادگار ہوگا،عوام کو رمضان میں اچھی تفریح فراہم کررہے ہیں،
ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ پہلے رمضان سپورٹس سیریز میں9ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ڈویژن سطح پر افسران سپورٹس ایسوسی ایشنز سے مل کر ٹیموں کا انتخاب کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کیا جارہا ہے، پہلی رمضان سپورٹس سیریز کے لئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں،کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہے ہیں۔