اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پہلی سندھ تیر اندازی چیمپئن شپ 30 نومبر سے کراچی میں شروع ہو گی۔ سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری منصور شہزاد نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں تین کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں انٹر ڈویژن، انٹر سکولز اور اوپن کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے انٹر ڈویژن مقابلوں میں سندھ کی 6 ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، بینظیر آباد، لاڑکانہ اور میرپور خاص شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس 29 نومبر کو ہوگا جس میں چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان اور چیمپئن شپ کے قوانین کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے یکم دسمبر کو کھیلے جائیں گے اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان ملک میں تیر اندازی کھیل کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ان کی ذاتی کاوشوں سے یہ کھیل دن بدن ملک میں مقبولیت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرچری کا کھیل نیشنل گیمز میں بھی شامل ہے اور نیشنل گیمز میں آرچری کا ایونٹ 10 نومبر سے 16 نومبر تک پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا جس میں ملک بھر نو مرد اور خواتین ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد شامل ہیں۔