پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں ، وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ

74
پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں ، وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہاہے کہ پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں ،

وزیر اعظم عمران خان انسداد منشیات کونسل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ موجودہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین کام کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈین ہائی کمشنر ونڈی گلمور اور سویٹزرلینڈ کے ڈپٹی ہائی کمشنر البورٹو گروف سے منشیات کی عالمی پالیسی سے متعلق اہم ملاقات میں کیا ۔

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر ونڈی گلمور نے کہا کہ وزارت انسداد منشیات کی جانب سے ہماری تجاویز زیر غور لانے پر شکر گزار ہیں۔اعجاز احمد شاہ نے کہا منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلیجنس آپریشنز پر زور دے رہے ہیں ۔ جس کے جواب میں کینیڈین وفد نے تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی اس بات پر متفق ہیں کہاانٹیلیجنس آپریشن بہتر حکمت عملی ہے۔

وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ تمام ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہتر کرکے نتائج بہتر کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔سوئس ڈپٹی ہیڈ البورٹو گروف نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان میں بھی منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لئے موثر اقدامات ہوں گے۔

منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بارڈر کنٹرول اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی معاشی بہتری ہمارے خطے کے لئے اہم ہے، اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے اسے امداد دی ، ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں افغان عوام خود کفیل ہوں ،

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اس حوالہ سے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں تا کہ ملکی صورتحال کو مستحکم بنایا جاسکے ۔ کینیڈین وفد نے کہا کہ منشیات کا مسئلہ عالمی ہے اور اس کا خاتمہ کرنا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنا کر منشیات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔