پہلی منی میراتھن ریس محمد قاسم نے جیت لی

104
راولپنڈی میں ہونے والی پہلی منی میراتھن ریس محمد قاسم نے جیت لی

راولپنڈی۔9فروری (اے پی پی):راولپنڈی میں ہونے والی پہلی منی میراتھن ریس محمد قاسم نے جیت لی ۔ محمد عثمان نے دوسری جبکہ بابر علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی میں پہلی منی میراتھن روڈ ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 4 ہزار ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ ریس کا دورانیہ صبح نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک تھا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسن طارق نے ریس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اعجاز الحق، ڈی او سپورٹس محمد شمس اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تمام ایتھلیٹس میں شرٹس تقسیم کی گئیں۔ میراتھن دوڑ لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس سے شروع ہوئی اور شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوئی۔

محمد قاسم ریس کے فاتح قرار پائے ، محمد عثمان دوسرے اور بابر علی تیسرے نمبر پر رہے ۔ تقسیم انعامات کی تقریب شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین سی ایم انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف تھے۔ انہوں نے میراتھن میں شرکت کرنے والے تمام ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں ۔ پنجاب میں ثقافتی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ راجہ حنیف ایڈووکیٹ نے ریس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ محمد قاسم کو پچاس ہزار ، دوئم آنے والے محمد عثمان کو چالیس ہزار جبکہ سوئم آنے والے بابر علی کو تیس ہزار روپے نقد انعام دیا۔