پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی، وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر بلوچستان اور وزیر اعلیٰ نے استقبال کیا

123
Pakistan International Airlines
Pakistan International Airlines

گوادر۔20جنوری (اے پی پی):پہلی کمرشل پرواز پیر کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گئی ،نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایئرپورٹ آپریشنلائیزیشن، پاکستان کی ہوا بازی اور علاقائی رابطوں کے نئے دور کا آغاز ہے۔ پاکستان نے پیر کو اپنی ہوا بازی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا، جب پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گئی۔ پی آئی اے کی پرواز PK-503 کراچی سے صبح 9:50 بجے روانہ ہوئی اور 11:15 بجے گوادر کی جدید سہولیات سے آراستہ ہوائی اڈے پر اتری۔ 46 مسافروں کو لے کر آنے والی یہ پرواز نیو گوادر ایئرپورٹ کے باقاعدہ آپریشنز کے آغاز کی علامت بنی۔

وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، جو اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کے ہمراہ اس تاریخی پرواز اور اس کے مسافروں کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں خواجہ آصف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اقتصادی ترقی، علاقائی سیاحت، اور بین الاقوامی رابطوں کو فروغ دینے میں اہمیت پر زور دیا۔دیگر معزز مہمانوں میں ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) میجر جنرل عدنان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، جی او سی 44 ڈویژن میجر جنرل عدنان سرور ملک، پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل عدنان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمٰن، اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن شامل تھے۔

تقریب کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے نیو گوادر ایئرپورٹ کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے معزز مہمانوں کو اسناد اور شیلڈز پیش کیں۔ اعزازات حاصل کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، سیکرٹری ایوی ایشن احسن منگی، سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات، ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل عدنان سرور ملک، ریئر ایڈمرل عدنان اور متعدد منصوبہ جات کے اہلکار شامل تھے-

وفاقی سیکریٹری ایوی ایشن احسن منگی اور ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کی ترقی میں ان کی قیادت کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے، تجارت، سیاحت، اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ پی آئی اے کی پرواز PK-503 کی کامیاب لینڈنگ گوادر کو ایک علاقائی اور عالمی تجارتی مرکز کے طور پر اس کی مکمل صلاحیتوں کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔