پہلی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس چیمپئن شپ2023 ء ساہیوال ڈویژن نے جیت لی

204
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونیوالی 5 روزہ پہلی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس چیمپئن شپ2023 ء ساہیوال ڈویژن نے جیت لی،ساہیوال ڈویژن نے مجموعی طور پر 24 میڈلز جیتے جن میں سونے کے 15،چاندی کے 5 اور کانسی کے 4 تمغے شامل ہیں، فیصل آباد اور لاہور ڈویژنز 31،31میڈلز جیت کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پہلی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کیا ہے، پہلی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے کھلاڑی تیار کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کے ٹیلنٹ کو آگے لارہے ہیں،تعلیمی ادارے سپورٹس کی نرسریاں ہیں جہاں سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب دو سالہ سپورٹس کیلنڈر ترتیب دے رہا ہے ۔ ہر کھیل کی صوبہ پنجاب کی اپنی ٹیم بنا رہے ہیں تاکہ ہمارے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے پہلی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس چیمپئن شپ2023 میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان سپورٹس کو اپنا مستقبل بنائیں،سپورٹس بورڈ پنجاب ان کے ساتھ کھڑا ہے،کھلاڑیوں کو ہرطرح کی سہولیات فراہم کریں گے۔

نتائج کے مطابق فیصل آباد ڈویژن نے سونے کے 8،چاندی کے 17اور کانسی کے 6میڈلز جیت کر دوسری، لاہور ڈویژن نے سونے کے 6،چاندی کے 8اور کانسی کے 17میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن لی، سرگودھا ڈویژن نے مجموعی طور پر 16میڈلز جیتے جن میں سونے کے 6،چاندی کے 5اور کانسی کے 5 میڈلز شامل ہیں، گوجرانوالہ ڈویژن نے مجموعی طور پر 16میڈلز جیتے جن میں سونے کے 5،چاندی کے 7اور کانسی کے 4میڈلز شامل ہیں، ملتان ڈویژن نے مجموعی طور پر 18میڈلز جیتے جن میں سونے کے5،چاندی کے6 اور کانسی کے 7میڈلز شامل ہیں،

ڈی جی خان ڈویژن نے مجموعی طور پر 6میڈلز جیتے جن میں سونے کے4، چاندی کا ایک اور کانسی کا ایک میڈلز شامل ہے، راولپنڈی ڈویژن نے مجموعی طور پر 7 میڈلز جیتے جن میں سونے کا ایک، چاندی کا ایک اور کانسی کے 5میڈلز شامل ہیں، بہاولپور ڈویژن نے مجموعی طور پر چار میڈلز جیتے جن میں سونے کا ایک، چاندی کا ایک اور کانسی کے دومیڈلز شامل ہیں۔