پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز زیادہ دیر وکٹ پر گزاریں گے ، اظہر علی

71

مائونٹ مانگنوئی۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اظہرعلی نے کہا ہے کہ میری پوری کوشش ہوگئی کہ آج میچ کا پانچواں اور آخری روز زیادہ دیر وکٹ پر گزاروں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں فواد عالم کیساتھ بڑی شراکت قائم کرنے کی بھرپورکوشش کروں گا۔میدیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہم نے یہی منصوبہ بنایا ہے کہ کریز پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں ، فواد عالم میدان میں آئے تو انہیں اعتماد دیا، کوشش ہوگی کہ ان کے ساتھ ایک بڑی شراکت قائم کروں۔ایک سوال کے جواب میں اظہرعلی نے کہا کہ پچ پر پرانی گیند تھوڑا رک کر آرہی ہے، اب یہ ایشیائی پچز جیسی نظر آنے لگی ہے، پانچویں دن پچ پر سپنر کو مدد مل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ میچ کا آخری روز کا پہلا سیشن بہت اہم ہوگا، کیوی بائولر نیل واگنر نے ہم سب کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ انجری کے باوجود کھیلنے پر پیسر کی بہت عزت کرتے ہیں، فریکچر کے باوجود میچ کھیلنا قابل ستائش ہے، نیل واگنر نے یہ ثابت کر دیا کہ کسی بھی کھلاری کے لئے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ۔واضح رہےکہ پہلے میچ کے آج بدھ کو پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ کو میچ میں کامیابی کے لئے 7وکٹیں جبکہ پاکستان کو 302رنز کی ضرورت ہے ۔ پاکستان ٹیم کی تین وکٹیں گر چکی ہیں اور اس نے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 71 رنز بنائے ہیں جب کہ سابق کپتان اظہر علی اود فواد عالم کریز پر موجود ہیں۔