پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ اچھا کیا‘ میچ کے آخر تک فائٹ نظر آئی، رمیز راجہ

74
رمیز راجہ

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ تو ہار گئی مگر پرفارمنس بری نہیں تھی‘ محمد رضوان کو اوپنر کھلانا اچھا تجربہ نہیں تھا‘ پاکستان نے میچ میں 50 سے زیادہ ڈاٹ بالیں کھیلیں‘ محمد حفیظ کو اوپنر کھلایا جانا چاہیے۔ جمعہ کو اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ اچھا کیا‘ میچ کے آخر تک فائٹ نظر آئی۔ انہوں نے کہا کہ 14 روزہ قرنطینہ کے بعد مشکلات حالات سے گزر کر میدان میں اترنا آسان نہیں تھا قومی ٹیم میچ تو ہار گئی مگر پرفارمنس بری نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی کمی محسوس ہوئی‘ ایک ریگولر کپتان اور دنیا کا بہترین بلے باز نہ ہو تو فرق پڑتا ہے۔ نیوزی لینڈ کو نیوزی لینڈ میں ہرانا بہت مشکل ہے‘ وہ اپنی کنڈیشنز کے مطابق اچھا کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاداب خان نے اچھی کپتانی کی‘ باولروں کو صحیح موقع پر چینج کرتے رہے اور چھوٹے ٹوٹل کو مشکل بنا دیا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر بلے باز غلط شارٹس کھیل کر آوٹ ہوئے۔ اوپننگ بلے بازوں کی ناکامی کے بعد نیچے کے بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ حارث روف اور شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ پر پریشر برقرار رکھا اور وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 50 سے زیادہ ڈاٹ بالیں کھیلیں‘ پاور پلے میں اچھا نہیں کھیلے‘ صرف پانچ اوورز میں چار وکٹیں گنوا دیں۔ پاکستان کو ٹاپ آرڈر میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔ رضوان کو اوپنر کھلانا اچھا تجربہ نہیں ہے۔ محمد حفیظ تجربہ کار بلے باز ہیں‘ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے واقف ہیں‘ انہیں اوپنر کے طور پر کھلایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی فیلڈنگ زیادہ بہتر نہیں تھی۔ وہاب ریاض نے بہت زیادہ سکور دیئے جبکہ شاداب خان نے اپنے اوورز پورے نہیں کئے۔ حیدر علی وکٹ کیپنگ بھی کر سکتے ہیں‘ رضوان کی جگہ افتخار کو اگلے میچ میں چانس دیا جاسکتا ہے ‘ وہ نمبر پانچ پر اچھی ہٹنگ کرلیتے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میچ تو ہار گئی مگر پرفارمنس بری نہیں تھی۔