پیازکی فصل کوجڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا اور ایک بوری پوٹاش ڈالنا بے حد ضروری ہے ، محکمہ زراعت

202

سیالکوٹ۔25نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے پیاز کےکاشتکاروں کو پیازکی فصل کوجڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے اور ایک بوری پوٹاش ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ پیازکی فصل نومبر میں بطور سبز پیاز اور دسمبرمیں بطور خشک پیاز تیارہوجاتی ہے تاہم اس فصل کوجڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا اور ایک بوری پوٹاش ڈالنا بے حد ضروری ہے کیونکہ اس سے فصل سے زمیندار کو زیادہ قیمت ملتی ہے۔

انہوں نے معتدل اورخشک موسم کو پیازکی زیادہ پیداوار کے لئے موزوں قرار دیتے ہوئے نرسری اگلے ماہ کے آخرتک کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہا کہ پیازکی نرسری پرکورے کا بہت کم اثرہوتاہے جس کے باعث پودوں کی کھیت میں منتقلی دسمبراورجنوری میں کی جاسکتی ہے۔فیلڈ آفیسر محکمہ زراعت (توسیع) مرکز کینٹ میمونہ عزیز نے ”اے پی پی“کوبتایا کہ ایک ایکڑ رقبے پر پیازکی کاشت کے لئے پنیری تیار کرنے کے لئے 3کلوگرام بیج اور 4 سے 5مرلے زمین درکارہوتی ہے‘بیج بونے کے بعد سرکنڈہ یاپرالی وغیرہ سے ڈھانپ دیاجائے اور فوارے سے اس طرح آبپاشی کی جائے کہ پانی کیاریوں میں کھڑابھی نہ ہو اورنمی بھی برقراررہے۔

انہوں نے کہا کہ پنیری کے قریب اگر کیڑوں کے گھرہوں تو ان کا فوراً سدباب کرناضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنیری کے اگاؤ کے فوراً بعد شام کے وقت سرکنڈہ ہٹادیاجائے اور کھیت میں نرسری تبدیل کرنے سے کچھ دن پہلے پانی روک دیاجائے تاکہ نرسری سخت جان ہوجائے۔