پیداوار میں اضافہ کیلئے بجلی کی لاگت میں کمی کرنا ضروری ہے، حماد اظہر

109

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی صنعت کی مسابقت میں اضافہ کیلئے پاور ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم کی ہدایات کے تحت انرجی پرائسز میں کمی کے ذریعے تجارتی لاگت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منگل کو یہاں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صنعت بارے توانائی ریلیف پیکیج سے متعلق بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک مثبت سمت گامزن ہے اور سیمنٹ، آٹو موبائل، ٹیکسٹائل، کھاد اور تعمیراتی شعبہ کی مزید ترقی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صنعتوں کو کسی اضافی چارجز کے بغیر دن رات بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی انڈسٹری کا کنکشن بی ون، بی ٹو اور بی تھری ہے تو اسے جون تک اضافی یونٹس کے استعمال پر 50 فیصد رعایت ملے گی۔ حماد اظہر نے کہا کہ بی ون تا بی فائیو کی تمام صنعتوں کو استعمال کئے گئے بجلی کے یونٹوں پر 25 فیصد ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار میں اضافہ کیلئے بجلی کی لاگت میں کمی کرنا ضروری ہے اور پیک آورز کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاور ریلیف پیکیج سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے علاوہ روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔