پیرا ویٹرنری اسٹاف کو جدید سہولیات سے آراستہ موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد اسماعیل،

2

رحیم یارخان ۔ 25 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے پیرا ویٹرنری اسٹاف کو جدید سہولیات سے آراستہ موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق رکنِ قومی اسمبلی میاں امتیاز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد اسماعیل، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر طاہر گلزار، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر نمان فرخ، ڈاکٹر رؤف اسلم، ڈاکٹر عامر ظفر اور ڈاکٹر جمشید سرمد سمیت دیگر افسران اور فیلڈ اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے دوران 50 عدد موٹر سائیکلوں کو پیرا ویٹرنری اسٹاف کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ دور دراز علاقوں میں مویشی پال حضرات کو بروقت،

معیاری طبی سہولیات اور ویکسینز فراہم کر سکیں۔ان موٹر سائیکلوں کو خاص طور پر آئس باکس اور دیگر ضروری طبی سامان سے لیس کیا گیا ہے تاکہ ویکسین اور ادویات محفوظ طریقے سے مویشی پال کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔ اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں جانوروں کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا اور کسانوں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی نے حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے اس انقلابی اقدام کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ پراجیکٹ دیہی معیشت کو مستحکم بنانے اور لائیو اسٹاک سیکٹر کو ترقی دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔