پیرس اولمپکس مینز فیلڈ ہاکی ،انگلیند،بیلجیئم،آسٹریلیا اور ارجنٹائن نے اپنے میچز جیت لئے

164
Paris Olympics

پیرس۔2اگست (اے پی پی):انگلیند،بیلجیم،آسٹریلیا اور ارجنٹائن کی مردوں کی فیلڈ ہاکی ٹیموں نے پیرس اولمپکس 2024 کے ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے میچز جیت لئے۔پیرس اولمپکس گیمز میں شائقین کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مردوں کے فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ اور میزبان فرانس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انگلینڈ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد میزبان فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔گروپ بی س تین میچز کھیلے گئے جس کے پہلے میچ میں بیلجیم کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد بھارت کو 1-2 گول سے ہرا دیا، دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں آسٹریلیا کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو با آسانی 0-5 گول سے ہرا دیا۔ گروپ بی کا تیسرا میچ ارجنٹائن اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں ارجنٹائن کی ٹیم نے آئرلینڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

مردوں کے فیلڈ ہاکی ایونٹ میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ اے میں نیدرلینڈز،جرمنی،انگلینڈ،سپین،میزبان فرانس اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ گروپ بی میں بیلجیم ،بھارت،آسٹریلیا،ارجنٹائن،نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ مینز فیلڈ ہاکی ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنلز 4 اگست کو کھیلے جائیں گے،سیمی فائنلز 6 اگست کو کھیلے جائیں گے ، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 8 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ طلائی تمغہ کے لئے میچ بھی8 اگست کو کھیلا جائے گا۔