پیرس۔7اگست (اے پی پی):نیدرلینڈز اور جرمنی کی مینز ہاکی ٹیمیں پیرس اولمپکس 2024 کے فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں ۔نیدرلینڈز کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں سپین کا شکست دی جبکہ جرمنی کی مینز ہاکی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ اولمپکس گیمز کے مقابلے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں جس میں شائقین کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مردوں کے فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں نیدرلینڈز اور جرمنی کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
مینز فیلڈ ہاکی ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیدرلینڈز اور سپین کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں نیدرلینڈز کی ہاکی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سپین کی ٹیم کو با آسانی 0-4 گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں جرمنی اور بھارت کی ٹیمیں نبرد آزما تھیں جس میں جرمنی کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم کو دو کے مقابلےمیں تین گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ نیدرلینڈز اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان مردوں کے فیلڈ ہاکی ایونٹ کا فائنل میچ 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔