پیرس اولمپکس مینز ہینڈبال ایونٹ، جرمنی کی مسلسل دوسری فتح

116

پیرس۔29جولائی (اے پی پی):پیرس اولمپکس 2024 کے مینز ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں جرمنی کی ٹیم نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔اس فتح کے ساتھ ہی جرمنی کی ٹیم گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ۔پیرس اولمپکس گیمز 2024 میں ہینڈ بال ایونٹ جاری ہے جس میں شائقین کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔

پیر کو مردوں کے ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں پیرس ایکسپو پورٹ ڈی ورسیلز، پیرس میں گروپ اے کی ٹیموں جرمنی اور جاپان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جرمنی کی مینز ہینڈ بال ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جاپان کی مینز ہینڈ بال ٹیم کو 26 کے مقابلے میں 37 سکور سے ہرا کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔اولمپکس مقابلوں میں مینز ہینڈ بال ٹورنامنٹ 11اگست تک جاری رہےگا۔

چاروں کوارٹر فائنلز7اگست ،سیمی فائنلز9اگست کو کھیلے جائیں گے۔ کانسی کے تمغے کے لئے میچ 11 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ طلائی تمغے کے لئے میچ بھی 11 اگست کو کھیلا جائے گا۔