پیرس اولمپکس ٹینس ایونٹ،نوویک جوکووچ اور کارلوس مینز سنگلزپری کوارٹر فائنل میں داخل ،نڈال کا سفر تمام

149
Paris Olympics

پیرس۔30جولائی (اے پی پی):سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ اور سپین کے نامور ٹینس سٹار کارلوس الکاراز اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس میں ٹینس ایونٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال کا دوسرے رائونڈ میں ہی سفر تمام ہوگیا۔ نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں سپین کے رافیل نڈال کو شکست دی جبکہ سپین کے کارلوس الکاراز نے مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور کو شکست دی۔

پیرس اولمپکس گیمز 2024 میں ٹینس ایونٹ جاری ہے جس میں شائقین کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں سربین سٹار نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 4-6سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ سپین کے کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 6-7(3-7) سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔