پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی

59

واشنگٹن۔10جولائی (اے پی پی):فرانس کی کلب فٹ بال ٹیم پیرس سینٹ جرمین فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی جبکہ ہسپانوی کلب فٹ بال ٹیم ریال میڈرڈ سیمی فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ فرانس کی کلب فٹ بال ٹیم پیرس سینٹ جرمین نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں حریف ہسپانوی فٹ بال کلب کی ٹیم ریال میڈرڈ کو با آسانی 0-4 گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔ فیبیان روئز نے 2 جبکہ عثمانی ڈیمبیلے اورگونکالو راموس نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم پیرس سینٹ جرمین کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ جمعرات کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ، نیو جرسی کے مقام پر کھیلے گئے میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں فرانس کی کلب فٹ بال ٹیم پیرس سینٹ جرمین اور سپین کی فٹ بال کلب کی ٹیم ریال میڈرڈ آمنے سامنے تھیں جس میں پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ریال میڈرڈ کی ٹیم کو بالکل بے بس کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 گول سے ہرا کر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔

پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے فیبیان روئزنے دو گول بالترتیب 6 اور 24 ویں منٹ میں سکور کیے جبکہ عثمانی ڈیمبیلے اور گونکالو راموس نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔واضح رہے کہ چیلسی اور پیرس سینٹ جرمین کی ٹیموں کے درمیان فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 13 جولائی کو کھیلا جائے گا۔فائنل میچ امریکا میں میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈکے مقام پر کھیلا جائے گا۔