پیرس میںڈبلیو ٹی او کا وزارتی اجلاس،وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا

224

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے پیرس میں ہونے والے ڈبلیو ٹی او کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ، ڈبلیو ٹی او کا یہ مختصر وزارتی اجلاس معاشی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کے سالانہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت کے شعبے میں حکومتی امداد، مارکیٹ تک رسائی اور کپاس سے متعلق عالمی اداروں میں ہونے والی گفت و شنید کا پاکستان بغور جائزہ لیتا ہے کیونکہ اس کے اثرات براہ راست پاکستان کی زرعی معیشت اور 20 کروڑ عوام پر پڑتے ہیں۔