اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ملک کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی شاندارتقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے فیملیز سمیت شرکت کی۔فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباددی، اس موقع پر انہوں نے صدر اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے ۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے 70برس ایک محفوظ، ترقی یافتہ اورخوشحال پاکستان کے سفر کی طرف سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے برصغیرمیں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کیلئے قائد اعظم محمدعلی جناح اوران کے ساتھیوں اورتحریک پاکستان میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اورکہاکہ ان قربانیوں کے طفیل آج ہم آزاد فضاﺅں میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے اس امیدکا اظہارکیا کہ پاکستانی قوم کا ہرفرد تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی اورخوشحالی میں اپنا کردار ادا کریگا۔ اس موقع پر قومی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے بھی گائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66115