اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدا کی یاد میں یوم تشکر منایا گیا جس میں پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
ہفتہ کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے فوجی جوانوں کا بہت احترام کرتے ہیں جو مادر وطن کی خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے میں سفارت کاروں، میڈیا اور نوجوانوں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے پیچھے مضبوط کھڑی ہے جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598136