پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب ،23 مارچ تاریخی اہمیت کا حامل تجدید عہد کا دن ہے ،پاکستانی سفیر عاصم افتخار کا خطاب

140

پیرس۔23مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانہ میں ہفتہ کو پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد، سفارتی کور کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ ہفتہ کو سفارت خانہ کی جانب سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ 1940 کو آج کے دن مسلمانوں نے ایک علیحدہ ریاست کا مطالبہ کیا جہاں وہ اپنی خواہشات کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 ​​مارچ تحریک پاکستان کی تاریخ میں ایک تاریخی دن ہے۔ یہ ایک علیحدہ وطن کے لیے ہمارے آباؤ اجداد کی دلیرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ، ایک ایسی جدوجہد جس کو ایک سمت اور رفتار فراہم کی گئی تھی جس کا آغاز 1940 کی تاریخی قرارداد لاہور سے ہوا جسے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ برصغیر کے مسلمانوں کے وژن کا ایک بہت بڑا اظہار تھا کیونکہ اس قرارداد نے انہیں ایک علیحدہ وطن اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے غیر معمولی ہمت اور ولولے کے ساتھ مجتمع کیا اور سات سال کے قلیل عرصہ میں مطلوبہ مقصد حاصل کرلیا گیا ۔ سفیر نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت اور ان کے رفقاء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کو ممکن بنانے کے لیے متعدد مشکلات پر قابو پایا گیا اور الگ وطن کے لئے علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ممکن ہوئی۔۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں ریاستی سرپرستی میں بدترین جبر اور دہشت گردی کا شکار ہیں ،اس صورتحال کو ہندوتوا ایجنڈا اور اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات نے سنگین کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کلید اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کے حل میں ہے۔ پاکستان اپنی طرف سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر ممکن حمایت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سفیر نے فلسطینی عوام کے لیے بھی بھرپور حمایت کا اظہار کیا جو سات دہائیوں سے اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ناانصافی، جبر اور ناجائز قبضے کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، قابل عمل ریاست فلسطین جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کے لیے اپنے اصولی موقف پرثابت قائم ہے۔سفیر نے پاکستان اور فرانس دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ترقی، امن اور سلامتی کا مشترکہ مقصد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مثبت رفتار کار ہے اور دونوں ممالک نہ صرف سیاسی مشاورت سے بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے بھی قریب آرہے ہیں جبکہ توانائی، آئی ٹی، زراعت اور لائیو سٹاک، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ان کی کامیابیوں اور پاک فرانس تعلقات بالخصوص عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاء پاکستانی بچوں کی شاعری اور ٹیبلو پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر سفیر عاصم افتخار احمد کو بہترین عوامی خدمات پر پاکستان سول ایوارڈ” تمغہ امتیاز” عطا کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اس ایوارڈ کا اعلان صدر پاکستان نے 14 اگست 2023 کو کیا تھا۔