راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):تھانہ پیرودھائی پولیس نے دوہرے قتل کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی اشتہاری مجرم گرفتارکرلیا۔
ایس پی راول فیصل سلیم نے بتایا کہ اشتہاری مجرم اشفاق نے لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے شیر دل اور اقبال کو قتل کیا تھا، واقعہ کا مقدمہ سال 2017 میں مقتولین کے چچا کی مدعیت میں تھانہ پیرودھائی میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں قبل ازیں 8 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔
اشتہاری واقعہ کے بعد روپوش ہو گیا تھا جسے ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ اشتہاری کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
ایس پی راول نے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں اہم ہے۔