ہری پور۔ 15 اپریل (اے پی پی):پیزنز سٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں دو ماہ پر مشتمل پروموشن ٹریننگ کورس برائے واچ اینڈ وارڈ سٹاف باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ اس سلسلہ میں اکیڈمی کے تمام عملہ کے ساتھ ایک ابتدائی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
ٹرینیز کیلئے اکیڈمی میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ تعارفی سیشن کے دوران کمانڈنٹ اکیڈمی فوزیہ تاج نے تمام ٹرینیز کو خوش آمدید کہا، انہیں اکیڈمی کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا گیا اور اکیڈمک ہال، پریڈ گرائونڈ اور ٹرینیز ہاسٹل میں ڈسپلن برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ٹرینیز کو تعلیمی تربیت فراہم کرنے کیلئے اکیڈمی سنٹرل جیل ہری پور اور ریجنل پریزنز آفس ہزارہ کے افسران کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ ٹرینیز کے علمی تجربہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے جیل سروسز سے متعلق سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا محمد عثمان محسود اور کمانڈنٹ اکیڈمی فوزیہ تاج ٹرینیز کو بہترین تربیتی سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582053