لاہور۔21نومبر (اے پی پی):سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کا عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، رواں سال گداگرو ں کے خلاف 3266مقدمات درج،3324ملزمان گرفتارکئے گئے۔
جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں 3216مرد،99خواتین اور09سہولت کار شامل ہیں ۔سٹی ڈویژن میں 840، کینٹ میں 359، سول لائنز میں 342، صدرمیں 676، اقبال ٹاون میں 415 اور ماڈل ٹاون ڈویژن میں 634ملزمان گرفتارکئے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی،چائلڈ پروٹیکشن بیورواور سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشنزکئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیمیں عوامی مقامات اور مارکیٹوں میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کریں،گداگروں کے ہینڈلرزکے گردگھیرا تنگ کیا جائے، ٹریفک پولیس اہم شاہراوں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھے۔