پیما کا ملک بھر میں خناق کی وبا کے خلاف ویکسینیشن مہم کا مطالبہ

53

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے خناق کی وبا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر ویکسینیشن کی مہم پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اینٹی ٹاکسن کی فراہمی اور دستیابی کو پورے ملک میں یقینی بنایا جائے۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ ایک مرض جو ماضی میں کافی مدت تک مؤثر ویکسینیشن کے باعث تقریباً ناپید ہو چکا تھا، اس شدت سے دوبارہ ابھرنا نہ صرف انتہائی تشویشناک ہے بلکہ متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان بھی ہے۔

اس وبا کی ایک بڑی وجہ ای پی آئی کا غیر مؤثر ہونا ہے، بالخصوص کوویڈ کے دوران بہت سے بچے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔ اندازہ ہے کہ اس بیماری سے مرنے والے بچوں کی اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خناق ان بچوں کو متاثر کرتا ہے جن کی ویکسینیشن مکمل نہیں ہوئی اور جن کی قوت مدافعت کمزور ہے۔ اگرچہ یہ بیماری قابل علاج ہے لیکن اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ بچوں کی مکمل ویکسینیشن ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بچوں کی مکمل ویکسینیشن کے لیے ایک ملک گیر مہم کا آغاز کیا جائے،اینٹی ٹاکسن کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اس مہم کو پوری طرح مؤثر بنا کر کسی بھی قسم کی کمی اور نااہلی کو دور کیا جائے۔