ایبٹ آباد۔ 26 جون (اے پی پی):پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈاکٹر صائمہ کی گرفتاری کی شدیدمذمت کی ہے۔ پیما کے ایک وفد نے زیر حراست پروفیسر ذوالفقار علی سے ملاقات کی اور انہیں ڈاکٹرز کمیونٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، نائب صدر ڈاکٹر محمد قاسم اور پیما خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر فخر عالم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے خلاف بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ ہم آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ کسی دوسرے کی نااہلی کی آڑ میں سینئر ڈاکٹرز کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت اور عدلیہ اس واقعے کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرائے۔پیما کی جانب سے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمد قاسم، صدر پیما ایبٹ آباد ڈاکٹر عاطف حمید اور ڈاکٹر بشارت رحمان نے زیر حراست پروفیسر ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔