پیمرا نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چار نجی ٹی وی چینلز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے

131
Pemra

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جیو نیوز، اے آر وائی نیوز، جی این این اور ڈان نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔ پیمرا کی جانب سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ چینلز نے 7 اور 8 فروری کو الیکشن ایکٹ 2017، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برائے نیشنل میڈیا اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے ایکسکلوژو انٹرویوز نشر کئے تھے۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے بھی شکایات موصول ہوئیں۔ پیمرا نے مذکورہ چینلز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن میں جواب دینے کا حکم دیا ہے اور ذاتی شنوائی کے لئے طلب کیا ہے جس کے بعد پیمرا قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے مزید کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں پیمرا نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ الیکشن ایکٹ 2017ءاور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برائے نیشنل میڈیا اور پیمرا قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، شکایت کی صورت میں قوانین کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔