پیمرا کی جانب سے انڈین مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد

120

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائدکرتے ہوئے 2006ءمیں پرویز مشرف حکومت کی جانب سے انڈیا کو دی گئی یکطرفہ رعایت کو منسوخ کر دیا ہے‘ جس کا اطلاق21اکتوبرسہ پہر3بجے سے ہوگا‘خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوزکا لائسنس بغیر شوکاز نوٹس جاری کئے معطل کر دیا جائے گا ۔ بدھ کوچیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت پیمرا اتھارٹی کا 120واںاجلاس پیمرا ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات صباءمحسن‘ سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان،چیئرمین ایف بی آرناصر محمدخان،چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، ممبر خیبر پختونخوا محترمہ شاہین حبیب اللہ‘ممبر پنجاب محترمہ نرگس ناصر‘ممبر سرفراز خان جتوئی نے شرکت کی۔اجلاس میں اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔