اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میسرز ٹریڈ سرو انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ (ایف ایم 103 ملتان) کے خلاف واجب الادا رقم کی ادائیگی کیلئے دیئے جانے والے پیشگی چیکس کے متعدد بار بائونس ہونے اور میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن جلیل آباد، ملتان میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔
بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پیمرا نے یہ کارروائی واجب الادا رقم جو کہ 3 کروڑ 50 لاکھ 25 ہزار روپے بنتی ہے، کی عدم ادائیگی اور بغیر لائسنس تجدید کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن چلانے پر کی۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پیمرا نے مذکورہ کمپنی کو متعدد بار قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کیلئے نوٹسز، اظہارِ وجوہ نوٹسز اور دفاع کے مواقع فراہم کئے تاہم مذکورہ کمپنی نے پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایف ایم نشریات جاری رکھیں۔
پیمرا ریجنل آفس، ملتان نے ضابطے کی کارروائی کرتے ہوئے سرچ وارنٹ حاصل کئے اور غیر قانونی نشریات کیلئے استعمال ہونے والے تمام نشریاتی آلات ضبط کر لئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582753