برسبین۔ 26 جنوری (اے پی پی) پیٹ کمنز کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 40 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، سری لنکن ٹیم دونوں اننگز کھیل کر بھی کینگروز کی پہلی اننگز 323 رنز کا سکور برابر نہ کر سکی، آئی لینڈرز دوسری اننگز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، کمنز نے میچ میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اننگز میں 10 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 17 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو لاہیرو تھریمانے 6 رنز پر کھیل رہے تھے، آسٹریلوی باﺅلرز نے نپی تلی باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنے کا موقع ہی نہ دیا اور پوری ٹیم 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، تھریمانے 32 سرنگا لکمل اور نیروشن ڈکویلا یکساں 24، 24، دھنن جایا ڈی سلوا 14، کپتان دنیش چندیمل صفر، کوسل مینڈس 1، روشن سلوا 3، دلروون پریرا 9 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، لاہیرو کمارا انجری مسائل کے باعث بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے، کمنز نے 6 رچرڈسن نے 2 اور نیتھن لیون نے ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے سری لنکا کی پہلی اننگز 144 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 323 رنز بنا کر حریف ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسطرح اسے اننگز اور 40 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔