کراچی۔ 03 دسمبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی افراد کے لیے جامع اور مساوی معاشرہ بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے،2024 کے تھیم "معذور افراد کی قیادت کو مضبوط بنانا، جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے” کی توثیق کرتے ہوئے انہوں نے ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں معذور افراد کے کلیدی کردار اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پیغام کے مطابق چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پسماندہ طبقات بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے لیے کوٹے کو یقینی بنانے سے لے کر شمولیتی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ تک ہم نے ہمیشہ معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مساوی شراکت دار کے طور پر شامل کرنے کے لیے کام کیا ۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور عوامی بنیادی ڈھانچے،صحت اور تعلیم تک رسائی دینا صرف قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ترقی پسند معاشرے کا اخلاقی فرض بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سماجی تعصبات اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جو عدم مساوات کو بڑھاتے ہیں ، ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد ترقی کر سکے۔ اس بارے 2024 کے موضوع کی توثیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے بلکہ پائیدار مستقبل کے لیے قیادت کے لیے بھی بااختیار بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا قائدانہ کرادر ایک حقیقی جامع پاکستان کے حصول کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پرسنز ود ڈس ایبلٹیز امپاورمنٹ ایکٹ 2018 کا ذکر کرتے ہوئے اسے معذور افراد کے حقوق کے لیے ایک تاریخی قانون سازی قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی تمام شہریوں کے لیے شمولیت، مساوات اور وقار کے فروغ کے اپنے مشن پر قائم ہے تاکہ کوئی شہری پائیدار ترقی کے حصول سے محروم نہ رہے۔