پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن)کے قائدین ملک میں موجودہ معاشی بحران اور قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دارہیں،عثمان ڈار

50
وفاقی دارالحکومت میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع کو دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے،معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائدین ملک میں موجودہ معاشی بحران اور قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دارہیں ۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے لوگ آج مہنگائی اور دیگر مشکلات کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے اپنے دور اقتدار میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے سابقہ ادوار کی نسبت بہت بہتر ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کی حکومت ملک اور عوام کی بہتری اور ترقی کے لئے موثر انداز میں کام کر رہی ہے اور لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان ایک ایماند ار اور مخلص قائد ہے۔انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) لاہور کے جلسے کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم 11 جماعتوں کا ایک ٹولہ ہے جو کوروناوائرس کے کیسز میں اضافہ چاہتا ہے اور ان کا غیر فطری اتحاد منی لانڈرنگ کے ذریعے جمع کردہ دولت کی حفاظت کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا ہے ۔ .عثمان ڈار نےمزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سابقہ ادوار میں ملک کو درپیش معاشی بحران ، امن وامان کی خراب صورتحال اور اداروں کی تباہی سمیت غلطیوں کو درست کررہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ عوام نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے بیانیہ کو بھی مسترد کردیا ہے۔