لاہور۔4نومبر (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) احتساب کے عمل کی مخالفت کی بجائے خود احتسابی کی مشق کریں انہیں اپنی سیاست کے سکڑنے کی اصل وجوہات معلوم ہو جائیں گی ،شہباز شریف ،بلاول زرداری اورمولانافضل الرحمان کارکنوں کو اپنے ساتھ رکھنے کیلئے ضرور للکارے ماریں لیکن عوام کواپنے ادوارکی ڈکیتیوں سے بھی آگاہ کریں۔
پارٹی کی خواتین رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ حلقہ این اے 133میں ڈورٹوڈورانتخابی مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم (ن) لیگ نے کرپشن کے ذریعے ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں جس کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر محاذ پر بہترین حکمت عملی سے چل رہے ہیں ،پاکستان معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہے اوراب ماضی کے بیگاڑ کو سدھار میں تبدیل کیا جارہا ہے ، پاکستان کے بد خواہوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ 2021کی طرح 2022میں بھی اپوزیشن اپنی دم توڑتی سیاست کا ماتم کرتی رہے گی اور 2023 تک اس کا تسلسل جاری رہے گا اور یہی ان کا مقدر ہے ۔