پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ، سندھ حکومت کی نااہلی اور ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کے باعث سب سے زیادہ مہنگائی کراچی میں ہے،وزیر مملکت اطلا عات و نشریات فرخ حبیب کا بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل

72

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلا عات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ، سندھ حکومت کی نااہلی اور ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کے باعث سب سے زیادہ مہنگائی کراچی میں ہے، 13برس میں سندھ حکومت نے کوئی ایک بڑا کام کیا ہے تو سامنے لائے۔

بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں اگر کسی جماعت کا ناکام ترین جلسہ ہوا ہے تو وہ پیپلز پارٹی کا ہے،کاش بلاول آج سندھ میں 13سالہ اقتدار کی کارکردگی بھی پیش کر دیتے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں جبکہ کراچی میں 1400روپے کا فروخت ہورہا ہے، سندھ میں اربوں کی گندم چوری کر لی جاتی ہے اور جب معاملہ اوپن ہوتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ چوہے کھا گئے ہیں، کاغذوں میں سندھ میں اربوں روپے صحت اور تعلیم کے شعبے پرخرچ ہوئے لیکن آج بھی سندھ کے ہسپتالوں میں ایمبولینس نہیں ہیں، تعلیمی اداروں میں جانور باندھے ہوئے نظر آتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہاکہ سندھ کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروشوں اور لینڈ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے،جعلی ڈومیسائل پر نوکریوں کا اعزاز بھی پیپلز پارٹی حکومت کو ہی حاصل ہے،

گرین لائن،سندھ کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، نالوں کی صفائی سمیت ہر بڑا کام وفاق حکومت کر رہی ہے، سندھ حکومت سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کررہی۔ فرخ حبیب نے کہاکہ بلاول کی باتوں سے ثابت ہوچکا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہے،یہ آپس میں ہی لڑتے رہیں گے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں نے اپنے اپنے ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا، بلاول کے ریکارڈ کی درستگی کے لئے بتانا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی 7مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس گئی ہے،

ہماری حکومت ماضی کے بے ہنگم قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کے لئے بیرونی قرض لینے پر مجبور ہے، بلاول صاحب،واقعی ہی سندھ میں عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے ہر صورت میں نجات چاہتی ہے۔فرخ حبیب نے مزید کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے،

سوائے بلاول،شہباز کے سب جانتے ہیں،ماضی میں اووسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زرسے معیشت چلانے والے آج اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے خلاف کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی کو بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے الگ الیکٹورل کالج کی تجویز اس وقت کیوں یاد نہیں آئی جب ان کی اپنی حکومت تھی، بلاول جلسوں میں شہداء کو سلام تو کرتے ہیں لیکن آج تک دہشت گردی کا شکار ہونے والے مسلح افواج، سیکورٹی فورسز کے شہداء کے گھرنہیں گئے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ 2018کے الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا اس کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان سابق فاٹا سمیت تمام پسماندہ علاقوں اور انکے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی کرپشن کا بازار گرم تھا۔ فرخ حبیب نے مزیدکہاکہ سماجی تحفظ کے لئے احساس پرگرام کے لئے رواں سال 260ارب مختص کیے گئے ہیں،احساس کے تحت 34پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔