پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھے گی، نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام

60

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ایک محفوظ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے کے حوالے سے بہت ہی واضح موقف ہے، پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، خواتین کے خلاف تشدد صرف ایک فرد کا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے جو مساوات و انصاف کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

شیری رحما ن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ایک محفوظ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے کے حوالے سے بہت ہی واضح موقف ہے، ہم نے ہمیشہ اس مسئلے کے حل کے لیے آگاہی، وکالت اور قانون سازی کے ذریعے اہم اقدامات کیے ہیں، اس سلسلے میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف (کرمنل لاز ترمیمی ایکٹ)، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ کی منظوری ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، اس کے علاوہ سینیٹ نے بچپن میں شادی پر پابندی کے بل کی منظوری دی، یہ قوانین پاکستانی معاشرے میں رائج ان سماجی رویوں کو چیلنج کرنے کی اہم کوشش ہیں جو خواتین کے خلاف تشدد کو فروغ دیتے ہیں تاہم یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد، ہراسانی، زبردستی شادی اور انسانی سمگلنگ جیسی مختلف اقسام کے صنفی تشدد نے پاکستان میں لاکھوں خواتین کو متاثر کیا ہے، ہمیں روایتی رویوں کے خاتمے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا جو خواتین کے خلاف تشدد کو معمول بناتے ہیں، آج کے دن میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ عورتوں پر تشدد  کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں، پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔