پیپلز پارٹی روز گار دیتی اور اس کا تحفظ بھی کرتی ہے ،سید نوید قمر

86

حیدرآباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی روز گار دیتی اور اس کا تحفظ بھی کرتی ہے یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے کہ بے روز گاروں کو ملازمتیں دی جائیں اور محنت کشوں و ملازمین کے روزگار کا قانونی تحفظ بھی کیا جائے،

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی نواب غنی تالپور کے فارم شیخ بھرکیوٹنڈو محمد خان میں اپنے اعزاز میں عید ملن ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں ان سے ملازمین کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے روز گار دیا بعد میں 16ہزار ملازمین کو نکال دیا گیا لیکن عدالت عظمیٰ نے انہیں پھر بحال کردیا ہے ہماری حکومت عدالت عظمیٰ کے فیصلہ پر من و عن عمل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے جن ملازمین کی بحالی کا حکم دیا ہے ہم بحالی کے عمل کو مانیٹر کررہے ہیں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت ملازمین کو درپیش مشکلات کو فوری دور کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی حکومت نے سندھ پر کوئی توجہ نہیں دی جس سے یہاں کے عوام کی مشکل میں اضافہ ہوا ہے مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے سندھ کے عوام کا معاش تباہ اور زندگی اجیرن کردی تھی ،تاہم اب ہماری مخلوط حکومت خواہش رکھتی ہے کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف دیا جائے ،ان کی مشکلات دور کی جائیں بجلی کا بحران اور مہنگائی ختم ہو ہم اس پر توجہ مرکوز رکھے ہو ئے ہیں۔اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی نواب عبدالغنی تالپور نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے راہیگاں نہیں جائے گی عوام کے مسائل حل ہو نگے اور عدالت عظمیٰ کے تاریخ ساز فیصلہ کے ثمرات جلد بحال ہو نے والے ملازمین تک پہنچیں گے۔

قبل ازیں پہلی مرتبہ نواب غنی تالپور زرعی فارم پر وفاقی وزیر سید نوید قمر کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا سندھ کی روایتی اجرک و ٹوپی اور گلدستہ پیش کئے گئے۔ اس موقع پر نواب زبیر تالپور ، نواب شہر یا ر تالپور ،نواب عظیم تالپور ، میر نواز علی تالپور ،ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان اور دیگر معززین و عما ئدین موجود تھے ۔