لاہور۔11مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادرشاہین اور سینیئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم نے بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے کامیاب اور جرات مندانہ آپریشن "بنیان مرصوص” پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں اپنی اور پوری قوم کی طرف سے مسلح افواج کے حوصلے، جذبے اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان ایک پرامن ملک جو ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کا خواہاں رہا ہے، اگر کسی نے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار کو چیلنج کیا تو پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی، پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” بھارتی اشتعال انگیزی کا ایسا دندان شکن جواب ہے جس کی گونج عالمی ایوانوں تک سنی گئی
بھارت آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا، اگر دشمن نے دوبارہ کوئی مذموم حرکت کی کوشش کی تو اسے اور بھی عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا میں مسلح افواج کے سپہ سالار اور تمام جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم اپنے جانبازوں کی جرات، بہادری اور حب الوطنی پر فخر کرتی ہے، افواج پاکستان نے جس تدبر، حکمت عملی اور موثر آپریشن کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے وہ قابلِ تحسین ہے،انہوں نے کہاکہ ملکی سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم، سیاسی و عسکری قیادت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، ہر محاذ پر دشمن کے خلاف یک زبان اور یک جان ہو کر مقابلہ کریں گے ،عبدالقادرشاہین نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595770