پیپلز پارٹی مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ملک میں ایک ہی وقت پر انتخابات کے حامی ہیں ، بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس

149
بلاول بھٹو

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ملک میں ایک ہی وقت پر انتخابات کے حامی ہیں، ایک صوبہ میں پہلے انتخابات دوسرے صوبوں کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے اتحادی جماعتیں پارلیمان کے فیصلہ کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کے دور میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، ہم کل بھی ون یونٹ کے خلاف تھے آج بھی ہیں۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایک صوبہ میں پہلے انتخابات دوسرے صوبوں کے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوں گے۔