پیپلز پارٹی نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے، سندھ حکومت وزیر اعظم کفالت احساس پروگرام میں شامل نہیں ہوئی ، ہر جگہ ان کی نالائقی عیاں ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

100

کراچی۔5نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے، سندھ حکومت وزیر اعظم کفالت احساس پروگرام میں شامل نہیں ہوئی ، ہر جگہ ان کی نالائقی عیاں ہے۔ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے غریب آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہر جگہ ان کی نالائقی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وزیر اعظم کفالت احساس پروگرام میں شامل نہیں ہوئی، اگر ہمارے پروگرام سے مسئلہ ہے تو غریب آدمی کے لیے سندھ حکومت کوئی پروگرام لے آئے۔وزیر مملکت نے کہا کہ صحت کارڈ کے معاملے میں بھی سندھ حکومت اعتراض کرتی ہے، وفاق نے سندھ حکومت کو تین سال کے اندر انیس سو ارب روپے دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیسے کہاں خرچ ہوئے، سندھ میں کہیں بھی ترقی نظر نہیں آتی، غریب آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ پیسے بھی کرپشن کی نظر ہوگئے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت کا راج ہے، ناظم جوکھیو کے قتل کی ایف آئی آر بھی پی ٹی آئی کے اراکین نے کٹوائی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں مہنگائی کا پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پربڑھ رہی ہیں، ہم نے پیٹرولیم لیوی نہیں بڑھایا، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم کیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عالمی مہنگائی کا اثر پاکستانی عوام پر کم سے کم ہو۔