پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس پر پیغام

241
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں عوامی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کی لازوال داستان ہے۔

بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے اپنےپیغام میں کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا،پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو 1973ء کے آئین کی صورت میں مکمل دستور فراہم کیا، پیپلز پارٹی نے 18 آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی اصل روح کے مطابق بحال کیا اور صوبوں کو اختیارات دیئے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے تینوں ادوار میں بے مثال حکومت کی۔

قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد محترمہ نصرت بھٹو اور محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی قیادت میں اپنی جدو جہد جاری رکھی ،محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین و قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا،جمہوریت کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔