پشاور۔ 30 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا اس ملک کی بقا ،سالمیت اوراستحکام کیلئے مثالی کردار رہا ہے،پیپلز پارٹی کی بنیاد قربانیوں اور عوامی خدمت پر رکھی گئی ہے، شہیدذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی جدوجہد کا شعور دیا جبکہ شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو نے اس جدوجہد کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب سے پی ایس ایف کے صوبائی صدر راشد آفریدی، پیپلز پارٹی کے رہنما فضل حسین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی، انعام اللہ داؤد زئی، شعیب، محمد نعیم اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے،
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے،پیپلز پارٹی کی بنیاد قربانیوں اور عوامی خدمت پر رکھی گئی ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی جدوجہد کا شعور دیا جبکہ شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو نے اس جدوجہد کو نئی بلندیوں تک پہنچایا،
آج بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی اپنے اصولوں پر قائم ہے۔انہوں نے کارکنان کو متحد رہنے اور پارٹی کے مشن کو آگے بڑھانے کی تلقین کی اور کہا کہ پارٹی ورکرز کیلئے گورنرہائوس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں
،یہ عہدہ پارٹی کی امانت ہے اور پارٹی قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔ تقریب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو سمیت پارٹی کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔