مظفر آباد ۔12اپریل (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء چوہدری ریاض سے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے ملاقات کی۔اس موقع پر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کے معاون خصوصی اور پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی،پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری اور ہم نیوز برطانیہ کے بیورو چیف رفیق مغل بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پارٹی معاملات،آئندہ الیکشن،پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری ریاض نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن پر پوری طرح قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے ملک کو بحران سے نکال دیا ہے اور ملک معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوام کے درد کو سمجھتے ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کو حقیقی معنوں میں عوام کی قوت بنا دیا ہے۔
سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی ایک مضبوط قوت ہے ، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور کشمیری عوام کے ووٹ کے ذریعے اکثریت حاصل کر کے حکومت بنا کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات کی روشنی میں کشمیری عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزادکشمیر میں جب بھی حکومت بنائی ریاست میں تعمیر و ترقی کا نقشہ بدل کر رکھ دیا،پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں تین میڈیکل کالج دئیے جن سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز اسوقت ریاست بھر میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581045