اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے خطرات روکنے کے لئے پیکا ایکٹ ایک اچھا اقدام ہے، اس سے میڈیا اور اخبارات کو کوئی مسائل نہیں ہوں گے، اس کے ابھی رولز تیار ہونے ہیں، مشاورت کی گنجائش موجود ہے، مشاورت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے، صحافتی تنظیموں کو اس قانون کی حمایت کرنی چاہئے۔ جمعہ کو پیکا ایکٹ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد صدر مملکت نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کئے جو اب قانون کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سوشل میڈیا کے ذریعے فیک پروپیگنڈا، جعلی خبریں، ہراسیت، بچوں سے بدسلوکی جیسی نامناسب خبریں پھیلانے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے پیکا ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کو مناسب سمجھا گیا، پیکا ایکٹ کا بنیادی مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والے نقصانات کا تدارک کرنا ہے، سوشل میڈیا پر ملک میں افراتفری پھیلائی جاتی ہے، معیشت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے، ان پر جھوٹے فتوے لگا دیئے جاتے ہیں، توہین کا الزام لگا کر واجب القتل قرار دے دیا جاتا ہے، خواتین کو بلیک میل کیا جاتا ہے جس سے نفسیاتی مسائل جنم لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا کے خطرات اور غلط استعمال کے تدارک کے لئے پارلیمنٹ نے ضروری سمجھتے ہوئے پیکا ایکٹ کی منظوری دی، پیکا ایکٹ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور خطرات کے تدارک کے لئے لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن اتھارٹی میں نجی شعبے سے نامزدگیاں کی جائیں گی، اس اتھارٹی میں پریس کلب یا صحافتی تنظیموں سے منسلک صحافیوں کو شامل کیا جائے گا، ٹربیونل میں بھی صحافیوں اور آئی ٹی پروفیشنل کو رکھا کیا گیا ہے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جن کا کسی پریس باڈی، پریس ایسوسی ایشن سے کوئی واسطہ یا ممبر شپ ہوگی۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پیکا ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل کے بارے میں بڑا ابہام پایا جا رہا تھا، اس میں بہت کلیریٹی ہے، جس طرح فیڈرل سروس ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں کی جاتی ہے، اسی طرح پیکا ٹربیونل کے فیصلے بھی چیلنج کئے جا سکیں گے۔ ٹربیونل پر لازم ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر زبانی آرڈر پاس کریں گے، اس آرڈر کو رٹ پٹیشن کے ذریعے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا سکے گا اور پھر سپریم کورٹ میں بھی اپیل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت ابھی رولز بننے ہیں، اس میں مشاورت کی بھی گنجائش موجود ہے، مشاورت میں تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
سوشل میڈیا کے خطرات کو روکنے کے لئے یہ ایک اچھا اقدام ہے، بدامنی کو روکنے کے لئے یہ قانون کارآمد ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحافتی تنظیموں کو اس کی حمایت کرنی چاہئے، رولز اور مشاورت پر ہمیں آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ میں دنیا کے بہترین طریقوں کو اپنایا گیا ہے۔ اس میں کوئی متنازعہ شق ہے تو سامنے لائیں، ہم بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ کیا فیک نیوز کا تدارک متنازعہ ہے؟ کیا سوشل میڈیا کے حوالے سے وضع کردہ نظام متنازعہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو اس قانون کی حمایت کرنی چاہئے اور اس قانون کے تحت رولز کی تیاری اور مشاورت پر آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس میں کوئی متنازعہ چیز سامنے نہیں لائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر ایک کا حق ہے، دنیا کے اندر سوشل میڈیا لاءاور چیک اینڈ بیلنس موجود ہے، مغربی ممالک اور دنیا کے مہذب معاشرے میں سوشل میڈیا قوانین موجود ہیں، جب پاکستان میں اس قانون کی بات ہوتی ہے تو اس پر احتجاج تو ہو رہا ہے مگر شقوں پر بات کوئی نہیں کر رہا کہ فلاں شق متنازعہ یا غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریبونل اور سوشل میڈیا پروٹیکشن اتھارٹی میں نجی شعبے کے لوگ اور پریس کلب کے صحافی شامل ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کونسل آف کمپلینٹس میں بھی انہیں اپیل اور رٹ پٹیشن کا حق دیا گیا ہے تو پھر ڈر کس بات کا ہے، یہ قانون صرف سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور سوشل میڈیا کے ذریعے معاشرے میں بدامنی، لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے تدارک کے لئے لایا گیا ہے، اس میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے ورلڈ اکنامک فورم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جنریشن کا سب سے بڑا خطرہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی ڈس انفارمیشن ہے، عالمی ادارے اس پر بات کر رہے ہیں، دنیا کے مہذب ممالک اس پر ون پیج پر ہیں اور اس حوالے سے اپنی قانون سازی کر رہے ہیں تو پھر پاکستان میں اس کو کیوں برا سمجھا جا رہا ہے۔