پشاور۔20جولائی (اے پی پی):پرنسپل انفارمیشن آفیسر(پی آئی او) وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات مبشر حسن کے والد غلام صابر کو ہفتہ کی سہ پہر پشاور کنٹونمنٹ بورڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مرحوم کی عمر 94 سال تھی۔ وہ مختصر علالت کے بعد گزشتہ شب اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں وفات پا گئے تھے۔ نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم شہباز شریف کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل بدر شہباز وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی ارشد منیر، وزیراعظم کے سپیچ رائیٹر ارشد ملک، وزیراعظم کی میڈیا ٹیم کے ارکان، وزارت اطلاعات ونشریات اور منسلکہ اداروں کے افسران، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، سینئر صحافیوں، کالم نگاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مرحوم غلام صابر کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل بروز پیر 22 جولائی نماز عصر کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کالونی، جمرود روڈ پشاور میں منعقد ہو گی۔دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید، سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے فون پر مبشر حسن سے والد کی وفات پر تعزیت کی۔
انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سربراہ شکیل مسعود، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سیکرٹری جنرل سرمد علی نے بھی فون پر مبشر حسن سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔ سابق وفاقی وزراء سید خورشید شاہ، محمد علی درانی، ندیم افضل چن، فردوس عاشق اعوان، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان، قومی اسمبلی کی ٹاسک فورس کے کنوینر بلال اظہر کیانی، سینئر راہنما سید حسن مرتضی، ممتاز سیاسی شخصیت عمیر خان کنڈی، جوائنٹ سیکرٹری عدنان دیار نے بھی پی آئی او مبشر حسن سے والد کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔